اپنے لیے نہیں ملک بچانے کیلیے ووٹ مانگ رہے ہیں، فضل الرحمان

134

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپنی ذات کیلیے نہیں ملک کو بچانے کیلیے ووٹ مانگ رہے ہیں، ووٹ عوام کا حق ہے جسے ایمانداری سے لوٹائیں گے، ساڑھے 3 سال میں نااہل حکمرانوں کی نالائقی کھل کر سامنے آگئی ہے، ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے جی پی او چوک پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان نے پاکستان کی کشتی ڈبوئی یہاں کے جعلی نمائندے ڈیرہ کو ڈبو رہے ہیں، پاکستان کو ڈوبنے دیں گے نہ ڈیرہ کو، حکمران ملک کو امریکی کالونی بنانا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے، ہم سے تو بنگلا دیش، سمیت ٹوٹے پھوٹے افغانستان کی معیشت مستحکم ہے،عوام فیصلہ کریں کہ بلے کو ووٹ دیکر ملک کو تباہ کرنا ہے یا کتاب کو ووٹ دیکر ملک کو آباد کرنا ہے۔