سکھر: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کی حکمت عملی وضع کی گئی۔
اجلاس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے سکھر پہنچنے پر والہانہ استقبال کی تیاریوں اور لانگ مارچ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات پر غور کیا گیا۔خورشید شاہ کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو لانگ مارچ کے ہمراہ سکھر پہنچیں گے اور ان کا سکھر میں والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے قافلہ سکھر سے رحیم یار خان روانہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لگتا ہے لانگ مارچ نہیں ہو گا، اللہ تعالی عمران خان کی زبان میں برکت ڈالے، انشااللہ دھرنا لاہور تک جائے اور عمران خان کی زبان سچی ہو۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے شرکا اسلام آباد میں دھرنا دیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے۔اجلاس میں خورشید شاہ، صوبائی وزرا ناصر شاہ، امتیاز شیخ، مکیش کمار، پی پی رہنما شرجیل میمن، نعمان اسلام شیخ اور فرخ شاہ نے شرکت کی۔