اسلام آباد چیمبرآ ف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم یکجہتی کشمیر پر تقریب

487

 اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے بھارت سے پرزور مطالبہ کیا کہ خطے میں خوشحالی کیلئے وہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ جلد حل کرے کیونکہ اس اہم مسئلے کے حل نہ ہونے سے انڈیا اور پاکستان کے کثیر وسائل دفاع پر خرچ ہو رہے ہیں اور عوام کی اکثریت غربت وافلاس سے دوچار ہے۔

 ا ن کا کہناتھا کہ عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے جس سے خطے میں امن قائم ہو گا، کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ محمد شکیل منیر نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرے اور کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ اپنی مرضی سے کرنے کا حق دے جس سے خطے میں پائیدار ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کامسئلہ حل ہونے سے دونوں ممالک اپنے وسائل کا زیادہ حصہ عوام پر خرچ کرنے کے قابل ہوں گے جس سے غربت میں کمی ہو گی اور مضبوط میڈل کلاس کے فروغ پانے سے خطے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔

 اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ یورپ اور مغربی ممالک نے دیرینہ دشمنیاں ختم کرکے بہتر معاشی ترقی حاصل کی ہے۔چیمبر کے سابق صدور باصر داﺅد اور شیخ عامر وحید، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، اظہر الاسلام، ملک نجیب اور ناصرہ علی سمیت تاجر برادری کے دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔