تجارت، تعلقات کے فروغ کی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچانےدینگے، اسد قیصر

239

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ غیر ریاستی عناصر کو پاکستان کی جانب سے خطے میں تجارت اور تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچانے دیا جائیگا۔وہ اسلام آباد میں پاکستان۔ افغانستان پارلیمانی دوستی گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اسپیکر نے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات اور روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے افغانستان بین الوزارتی سیل کے تحت افغانستان کے ساتھ تجارتی مسائل کے حل کیلئے ہونے والی پیشرفت پر ایگزیکٹو کمیٹی کو بریفنگ دی۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ چھ ماہ سے کم عرصے میں دوسو سے زائد تجارتی مسائل حل کئے گئے اور فریقین تمام تجارتی مسائل کے خوش اسلوبی سے حل کیلئے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت کے علاوہ افغانستان کے ساتھ ویزا سہولت کاری اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور تجارت اور روابط سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔