اسلام آباد/ بیجنگ (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ مارچ میں پاکستان سمیت افغانستان کے ہمسایہ ممالک کا اجلاس بیجنگ میں ہوگا، پاک چین دوستی غیر متزلزل اور دوست ملک افغانستان میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے، چینی صدر کے ساتھ اتنی جامع اور مفصل ملاقات پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دورہ چین سے واپسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی چینی صدرسے اقتصادی تعاون پر پیش رفت اور سی پیک کے اگلے فیز پر مفصل گفتگو ہوئی ہے، اتنی جامع اور وضاحت کے ساتھ نشست پہلے کبھی نہیں ہوئی، ملاقات میں افغانستان کے حوالے سے مکمل یکسوئی پائی گئی ہے، مارچ کے آخری ہفتے میں دورہ چین کی دعوت ملی ہے مارچ میں چین، پاکستان، ایران سمیت قریبی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان، ملکی معیشت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، مقبوضہ کشمیر پر چین کے موقف میں شفافیت ہے، وزیر اعظم کی تقریباً 20 کمپنیوں کے حکام سے بات چیت ہوئی ہے، چین کی ایک سمت دیکھی ہے اور پاکستان اس میں نمایاں ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود نے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری مثالی نوعیت کی حامل ہے، پاکستان اور چین پورے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کیلیے مل کر کام کرنے کیلیے پرعزم ہیں، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں امن و استحکام کیلیے ناگزیر ہے، پاکستان اور چین اس سلسلے میں قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔