جمہوریت کا انتقام سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹانا ہے،بلاول

249

کوئٹہ/ نصیرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹانا بھی جمہوریت کا انتقام ہے۔ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کی تحصیل تمبو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے ملک میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آپ موقع دیں تو ہم دن رات محنت کر کے بلوچستان کے عوام کو ان کا حق پہنچائیں گیاور عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ پیپلز پارٹی کی یہ سوچ رہی ہے کہ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے، جس کے بعد اب حکمرانوں کے گھبرانے اور حساب دینے کا وقت شروع ہوگیا، ہم 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے اور جمہوری طریقے سے عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلائیں گے۔ پارٹی چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ نے چینی، آپ کی خوراک پر ڈاکا مارا ہے، جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے‘ غربت، بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور نصیر آباد کے عوام غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی حکومت کا خاتمہ کرنے میں ہماری مدد کریں اور جمہوریت کا ساتھ دیں۔ بلاول نے ناراض بلوچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بھی مظالم کا شکار رہا اور ناراض ہوں کیونکہ میرے نانا کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ والدہ کی شہادت ہوئی مگر میں نے اپنا بدلا ہتھیار سے نہیں جمہوریت کے ذریعے لینا ہے۔