پشاور: پولیس نے اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم کو گرفتار لیا، گرفتار ملزم کا تعلق ضلع چارسدہ پڑانگ سے ہے جو اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں میں مخصوص گاہک کو شراب سپلائی کرنے میں ملوث ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضہ سے 20 بوتل شراب برآمد کر کے سپلائی میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبہار پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اندرون شہر سمیت لاہور اڈہ اور گلبہار کے رہائشی علاقہ میں مخصوص گاہک کو شراب سپلائی کرنے والا ملزم کسی بھی وقت سپلائی کی کوشش کرے گا جس پر ایس ایچ او تھانہ گلبہار نعمان نے لاہور اڈہ کے قریب ملزم عالمزیب ولد حامد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 بوتل شراب برآمد کر لی، گرفتار ملزم کا تعلق منظم شراب سپلائر گروہ سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔