ٹھٹھہ : بچے سے بدفعلی کرکے قتل کرنے والا ضمانت پر آزاد

130

 

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) میرپور ساکرو کے قریبی علاقے چھچھ میرانخور میں 8 ماہ قبل 8 سالہ بچے سے بدفعلی کرکے قتل کرنے والا قاتل ضمانت پر آزاد ہوگیا، قاتل کی جانب سے بچے کے والدین کو دھمکیاں، غم کے ستائے والدین مکلی صحافیوں کے پاس شکایت لے کر پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق 8 ماہ قبل میرپور ساکرو کے قریبی علاقے چھچھ میرانخور میں درندہ صفت شخص دلدار پتافی نے 8 سالہ معصوم بچے محمد اسماعیل چنڈائی ملاح کو اغوا کرکے بدفعلی کرنے کے بعد قتل کردیا تھا ،میڈیکل رپورٹ میں بھی بدفعلی اور بے دردی سے قتل ثابت ہوگیا تھا، مجرم 6 ماہ جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پر آزاد ہوگیا ہے اور ضمانت پر آزاد ہونے کے بعد سفاک قاتل نے بچے کے ورثاء کو دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں بچے کے والد محمد چنڈائی ملاح اور والدہ شاہدہ چنڈائی ملاح نے مکلی میں صحافیوں کو بتایا کہ 8 ماہ قبل ہمارے بچے کو دلدار پتافی نے اغوا کیا اور بدفعلی کرنے کے بعد قتل کرکے دفن کردیا تھا، بچے کی لاش 2 ماہ بعد جنگل سے برآمد ہوئی تھی اور قاتل پر جرم میڈیکل رپورٹ سے ثابت بھی ہوگیا تھا جس کی رپورٹ ساکرو تھانے میں کروائی پولیس نے قاتل کو گرفتارکر کے جیل بھیج دیا، قاتل ہماری رضا مندی کے بغیر ضمانت پر آزاد ہوکر آگیا ہے اور نشے کی حالت میں گھر پر آکر قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے ہمارے راستے اور پانی بند کردیے اور ہمیں گھر میں محصور کردیا ہے،جان کا خطرہ ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ آئی جی سندھ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کرکے ہمارے معصوم بچے کے قاتل کی ضمانت رد کرکے اسے گرفتار کیا جائے۔