سکھر: مندر میں ڈکیتی ، نقاب پوش زیورات اور تاج لے گئے

121

سکھر(نمائندہ جسارت) روہڑی کے قریب مندر میں ڈکیتی ، مسلح نقاب پوش مورتیوں پر چڑھائے گئے چاندی کے زیورات اور تاج لے گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، واردات 2 روز قبل ہوئی تھی، سکھر ضلع کی تحصیل روہڑی کے تاریخی شہر اروڑ میں واقع شیراں والی مندر میں 5 نقاب پوش مسلح ملزمان کی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح 5 نقاب پوش مسلح افراد مندر میں آئے اور انہوں نے مندر میں موجود مورتیوں پر چڑھے ہوئے چاندی کے زیورات جن میں مورتیوں کے تاج بھی شامل ہیں اُتار کر لے جا رہے ہیں سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد ہندو پنچائت نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ ان چاندی کے زیورات جن پر سونے کا پانی چڑھا تھا ڈاکو لے گئے ہیں ان زیورات کی مالیت ہزاروں روپے ہے۔ دوسری جانب پولیس نے بھی واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واردات 2 روزقبل ہوئی تھی جس کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کی جارہی ہے۔