امریکا نے ایرانی جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں ختم کردیں

354

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ویانا میں ہونے والے مذاکرات کے تناظر میں ایران کے جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق ایران کا اصرار تھا کہ معاہدے میں واپسی کے لیے پہلے امریکا کو اپنی تمام پابندیاں ختم کرے۔
واشنگٹن کے حالیہ فیصلے کے تحت ایران کو صرف انہی جوہری سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی،جو توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے مطلوب ہوں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کے روز ویانا میں ہونے والی بات چیت کے دور سے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے پابندیوں کے خاتمے کے لیے دستاویزات پر دستخط کردیے ہیں۔ واضح رہے کہ 2015ء کے ایران جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مذاکرات ہو رہے ہیں۔ معاہدے کی رو سے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بدلے میں تہران نے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 ء میں یک طرفہ طور اس معاہدے سے علاحدگی اختیار کر لی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کانگریس کے لیے اپنے ایک نوٹ میں کہا کہ جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے یہ چھوٹ ویانا میں جاری بات چیت کو آسان بنانے کے لیے دی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن نے انتخابی مہم میں ٹرمپ کے متنازع اقداما ت کو کالعدم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور حالیہ اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔