مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ حکومت سے چھٹکارے کے لیے تمام آئینی، قانونی و سیاسی آپشنز استعمال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
پی پی قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کیخلاف تمام آئینی، قانونی و سیاسی آپشنز کو استعمال کرنا ہوگا، ہم نے طے کیا ہے کہ چند دن میں ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کرکے ہمارے اتحاد پی ڈی ایم میں اس معاملے کو لے کر جائیں گے، مشاورت کے ساتھ اکٹھے ہوکر حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔
قبل ازیں سابق صدر آصف زرداری اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو کے ہمراہ لیگی قیادت سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی (ن) لیگ کی قیادت سے ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، خواجہ سعد اور مریم اورنگزیب شامل تھیں۔
دونوں جماعتوں کی قیادت کی جانب سے اس اہم ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی اور حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔