وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ بھارت عرصہ دراز سے ماورائے عدالت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کوہرروزبے دردی سے شہیدکیاجارہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی پرعالمی برادری کی خاموشی کاکوئی جواز نہیں۔عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم پر بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہاکہ مودی سرکارکے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے اور کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھے ہیں اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔بھارت کویہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔