دادو ،تہرے قتل کے مقدمے کی سماعت، پی پی رہنما کی عبوری ضمانت رد

384

دادو(نمائندہ جسارت)چار برس قبل ضلع دادو کے شہر میہڑ میں تہرے قتل کے مقدمے کی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت سماعت کے دوران عدالت نے پی پی پی ایم پی اے برہان خان چانڈیو کی عبوری ضمانت رد کردی ،گرفتاری کا حکم ۔تفصیلات کے مطابق چار برس قبل ضلع دادو کے میہڑ شہر میں دن دہاڑے مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ اور اس کے دو بیٹوں کے قتل کے مقدمے کی سماعت ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کے جج قاضی ندیم بدر کی عدالت میں ہوئی جہاں پر مدعی ام رباب چانڈیو، نامزد ملزمان ایم پی اے سردار خان چانڈیو اور مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے مقدمے میں نامزد ملزم پی پی پی ایم پی اے برہان خان چانڈیو عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ام رباب کے والد اور قبیلے کے تمندار مختار چانڈیو، یونین کونسل کے چیئرمین دادا کرم اللہ چانڈیو اور ضلع کونسل دادو کے رکن چچا قابل چانیو کے قتل کے مقدمے میں ایم پی اے برہان چانڈیو کی عبوری ضمانت رد کرنے کے ساتھ گرفتار ملزم علی گوہر چانڈیو کی ضمانت کیلیے دی گئی درخواستیں رد کر دی جبکہ عدالت نے ایم پی اے سردار احمد چانڈیو کی ضمانت کنفرم کرنے کا فیصلہ بھی سنا دیا ہے۔ اس موقع پر عدالت کے احاطے میں مدعی اور قانون کی طالبہ ام رباب چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت اور انصاف کی جیت کے ساتھ ہم مظلوموں کی جیت ہوئی ہے اور ایم پی اے برہان چانڈیو ضمانت رد ہونے کے خوف سے عدالت نہیں آئے تھے اور وہ بھاگ گئے ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے اپیل اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنی پولیس کو بھیجیں اور برہان چانڈیو کو گرفتار کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے تو اپنی طرف سے حکم دے دیا ہے کہ ان کو گرفتار کریں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان کو ہتھکڑیاں پہنائی جائیں گیں دوسری جانب ایک ہی گھر کے تین افراد کے قتل کے اس ہائی پروفائل مقدمے کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اندر اور باہر کے اطراف کے راستوں پر بکتر بند گاڑی کھڑی کرکے سخت چیکنگ کے ساتھ ضلع بھر کی اکثر پولیس اور رینجرزکے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔