پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آغاز 4مارچ سے ہوگا

196

کراچی(سید وزیر علی قادری)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم 4سے 8مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کرے گی جبکہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے لہذا مہمان ٹیم اب 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ان میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں راولپنڈی کرکٹ aسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 24مارچ کوپاکستان پہنچیں گے ، یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعدا سکواڈ کے دیگرارکان سے مل سکیں گے، دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29مارچ کو کھیلا جائے گا۔سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق27 فروری کو مہمان ٹیم پاکستان پہنچے گی جس کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ 4تا8مارچ راولپنڈی،دوسرا ٹیسٹ 12تا 16 مارچ کراچی،تیسرا ٹیسٹ21تا25مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ایک روزہ میچ 29مارچ کو راولپنڈی،دوسرا ون ڈے 31مارچ کو راولپنڈی ،تیسرا ون ڈے 2اپریل کو کو راولپنڈی اور واحد ٹی 20 میچ 5اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا ۔