چمن(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں چمن کی سرحد پر لیویز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم شرپسندوں نے گرینیڈ سے حملہ کیا جہاں 2 لیویز اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔چمن کے ڈپٹی کمشنر جمعہ داد مندوخیل نے زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ چمن کے روغانی روڈ میں واقع چیک پوسٹ پر پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد سیکورٹی عہدیدار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیا جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال چمن منتقل کردیا گیا۔بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے چمن جیسے کاروباری علاقے کو نشانہ بنایا۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان کے جان و مال کا تحفظ کرے گی، ہم عوام کے تعاون سے دہشت گرد عناصر کو ختم کردیں گے۔وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ یہ واقعہ پنجگور اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز پر حملے کے دو دن بعد پیش آیا۔