دادو(نمائندہ جسارت)دادو میں جلدی مرض لیشمینیا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہور ہاہے۔محکمہ صحت کے مطابق لیشمینیا کے مزید 300 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2400 تک جا پہنچی ہے۔ ڈی جی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بیماری سے متعلق آگاہی مہم کی ضرورت ہے، اس لیے متاثرہ علاقوں میں آگاہی کے لیے ہیلتھ سیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔دوسری جاری لیشمینیا کے بڑھتے کیسز کے باعث مریضوں کاسرکاری اور نجی اسپتالوں میں غیرمعمولی رش ہے جب کہ بیماری سے متاثرہ افراد نے ناکافی طبی سہولیات پر احتجاج بھی کیا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ہیرو خان قصبو، ڈرگھ بالا چھنی فریدہ آباد میں ٹیمیں نہیں پہنچی ہیں، لیشمینیا کے خاتمے کے لیے اسپرے نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ مرض کے خاتمے کی ادویات بھی نہیں مل رہیں۔ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ لیشمینیا مخصوص مکھی سینڈ فلائی کے کاٹنے سے پھیل رہا ہے، سینڈ فلائی پاک افغان سرحدی علاقوں سے پھیل رہی ہے، سینڈ فلائی نامی مکھی رات میں کاٹ کر جلد کو متاثر کرتی ہے جس سے مریض کو خارش اور زخم سے شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔