ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر ہفتہ کو منایا جائے گا، قیصر شریف

277

لاہور:سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر کا نشانہ بننے والے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے ہفتہ 5فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمدؒ مرحوم کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منانے کی روایت کا آغاز 1990ءمیں ہوا تھا، جو گزشتہ 31برسوں سے جاری ہے۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر اور آزاد کشمیر میں ریلیاں اور جلسے جلوس نکالے جائیں گے جن میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ریلیوں میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی بڑی تعداد بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حق میں اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت مرکزی قیادت ریلیوں سے خطاب کرے گی۔ منصورہ سے جاری بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کشمیر پر غیرسنجیدگی واضح ہے، مگر پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت بان ہے اور اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کے 5اگست 2019ءکے اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیرکے باسیوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزی پر عالمی اداروں کی خاموشی بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران بھی گزشتہ 29ماہ میں مسئلہ کشمیر پر صرف بیان بازی سے کام لے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی طرف سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت کشمیر پر قومی ایکشن پلان تشکیل دے اور خطہ کی آزاد ی کے لیے تمام قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر واضح اور دو ٹوک پالیسی تیار کی جائے، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

قیصر شریف نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پرجماعت اسلامی اس عہد کا اعادہ کرے گی کہ تحریک آزادی¿ کشمیر کی ہر حال میں سیاسی و اخلاقی مدد جاری رہے گی۔ قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کریں گے۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم لاہور میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی کے پی سینیٹر مشتاق احمد اسلام آباد میں اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ملتان میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کریں گے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ گوجرانوالہ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم فیصل آباد،نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کراچی، نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اندرون سندھ، نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم صوبہ کے پی ،نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر سیالکوٹ، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نواب شاہ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کراچی، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اوکاڑہ، امیر جماعت اسلامی صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم راولپنڈی، قیم جماعت اسلامی شمالی پنجاب محمد اقبال و صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل سرگودھا میں، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی کوئٹہ اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن گوادر میں یکجہتی کشمیر ریلیوں سے خطاب کریں گے۔