6 فروری سے ملک بھرمیں دھرنے شروع ہونگے ،  سراج الحق

300

اسلام آباد:جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق  نے کہاہے کہ 6فروری سے ملک بھرمیں دھرنے شروع ہونگے، 35 سال ہم نے مارشل لا دیکھا، صدارتی نظام دیکھا لیکن ملک نے ترقی نہیں کی، جب تک اللہ کا دین نافذ نہ ہو ہم ورلڈ بینک آئی ایم ایف کے غلام رہیںگے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مرکز اسلامی میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ دینی مدارس روشنیوں کے مراکز ہیں، خوف اللہ کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، 22 کروڑ عوام اللہ پر یقین رکھتے ہیں، لیکن پھر بھی یہ نظام غیراللہ کا چل رہا ہے، 74 سالوں میں ایک دن بھی اسلامی نظام رائج نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ سینٹ میں بل پیش کیا تھا کہ جمعہ کو چھٹی ہو جس پر پی ٹی آئی کے ایک ممبر نے جواب دیا کہ اتوار کی چھٹی تبدیل نہیں ہو سکتی، اپوزیشن کی طرف دیکھا تو مسلم لیگ کے ایک صاحب نے جواب دیا کہ اتوار کی چھٹی تبدیل نہیں ہوسکتی، مسلم لیگ کے سینیٹ ممبر نے جواب دیا اس پالیسی میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے کھلم کھلا قواعد ضوابط کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، صوبائی حکومت انتخابات والے علاقوں میں وسائل استعمال کر رہی ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لیں، 6 فروری سے ملک بھر میں ایک سو ایک دھرنے شروع ہونگے۔