اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نہ کوئی ڈیل، نہ ڈھیل، نہ عدم اعتماد اور نہ ہی لانگ مارچ، کچھ بھی نہیں ہو رہا‘ سب سکون ڈاٹ کام ہے‘ ملک میں سب افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں‘ نواز شریف جعلی رپورٹ پر باہر بیٹھے ہیں‘ ان کا وطن واپس نہ آنا بڑی بدقسمتی ہے‘ ایف آئی اے میں تبادلوں کا مجھے کوئی علم نہیں‘ تبادلے روکنے کا اختیار وزیراعظم کو ہے‘ ٹی ٹی پی کے مطالبات قابل قبول نہیں ہیں‘کوئی بات نہیں ہورہی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آج جمعرات کو چین کے دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ وزارت داخلہ کی دعوت پر7 فروری کو سعودی وزیر داخلہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں وہ صدر اور وزیرعظم سے ملاقات کریں گے اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کریں گے‘ سعودی عرب سے ہمارا رشتہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں کہ نواز شریف کورونا کی وجہ سے علاج نہیں کرا رہے اور لوگوں کو کہتے ہیں کورونا میں اسلام آباد جائو‘ عمران خان نے کئی بار کہا کہ اپوزیشن شو ق پورا کر لے ان تلوں میں تیل نہیں‘ اپوزیشن کے رنگ پسٹن میں زنگ لگا ہوا ہے‘ وہ لوگوں کو کورونا میں دھکا دینا چاہتے ہیں‘ لو گ 23 مارچ کو پریڈ دیکھیں گے یا ان کے چہروں کی طرف دیکھیں گے‘ یہ اسلام آباد آ کر کیا کریں گے؟ اگر کسی کو عدم اعتماد کا شوق ہے تو پورا کر لے‘ حکومت نے کوئی قانون سازی نہیں روکی یہ ہر جگہ ناکام ہوئے ہیں‘ ساڑھے3 سال میں کوئی ایسا بل نہیں جس میں حکومت نہ جیتی ہو‘ مولانا فضل الرحمن کے بیانات غیر ذمے دارانہ ہیں‘ مارچ کے لیے بندے انہیں ہی لانے ہیں‘ اپوزیشن کو سیکورٹی معاملات سمجھنے چاہئیں‘ میں اس میٹنگ میں شریک تھا جس میں بینظیر کو سیکورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا تھا لیکن وہ بضد تھیں اور اس کا انجام انہوںنے دیکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے دہشت گردی میں اضافہ کیا ہے‘ اسلام آباد میں ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گر د مارے گئے ‘ ٹی ٹی پی ایسے مطالبات کر رہی ہے جو عوامی حکومت کے لیے قطعی طورپر قابل قبول نہیں ہیں‘ عمران خان نے ہمیشہ طالبان کی حمایت کی اور ڈرون حملوں کی مخالفت کی‘کون سی حکومت ہے جو آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئی سب مجبور ی میں آئی ایم ایف کا رخ کرتے ہیں‘ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ۔