رافیل نڈال ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلم جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز سال کے پہلے گرینڈ سلم آسڑیلین اوپن میں روس کے ڈینیل میدویدیف کو فائنل میں2-6، 6-7(7-5)، 6-4، 6-4 اور7-5 سے شکست دیکر کیا۔
رافیل نڈال اور ڈینیل میدویدیف کے درمیان فائنل میچ 5گھنٹے اور24منٹ تک کھیلا گیاجو گرینڈ سلم کی تاریخ میں دوسرا سب سے طویل فائنل میچ تھا۔ گرینڈ سلم کی تاریخ میں سب سے طویل فائنل میچ آسڑیلین اوپن میں 10 سال پہلے کھیلا گیا تھا۔2012 میں آسڑیلین اوپن کا فائنل نواک جوکوچ اور رافیل نڈال کے درمیان کھیلا گیا تھا جو 5گھنٹے اور53 منٹ تک کھیلا گیا۔ اس فائنل میں نواک جوکوچ نے رافیل ندال کو 5–7،6–4،6–2،6–7(5–7) اور7–5 سے شکست دی تھی۔
رافیل نڈال پہلے 2 سیٹ ہارنے کے بعد ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے ۔ ان کے ساتھ ایسا کل ملاکر 4 مرتبہ ہوا ہے جب وہ پہلے 2 سیٹ ہارنے کے بعد جیتے ۔ آخری مرتبہ انکے ساتھ ایسا 15سال پہلے ہوا تھا۔ ومبلڈن میں2007 میں چوتھے ر ائونڈ میں روس کے میخائیل یوزونی نے رافیل نڈال کے خلاف پہلا سیٹ 6-4 سے جیتنے کے بعد دوسرے میں6-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ رافیل نڈال نے تیسر ا سیٹ6-1 سے اور چوتھا سیٹ6-2 سے جیتا۔ 5ویں اور فیصلہ کن سیٹ میں رافیل نڈال نے 6-2 سے جیت حاصل کی اور کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں انہیں چیک ری پبلک کے تومس برڈیچ کو اور سیمی فائنل میں نواک جوکوچ کو شکست دی تھی مگر فائنل میں وہ راجر فیڈرر سے ہارگئے تھے۔
اسپین سے تعلق رکھنے والے رافیل نڈال کا یہ آسڑیلین اوپن میں دوسرا اور کل ملاکر21 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا ہے۔ انہوں نے31 مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں داخل ہونے بعد 21 ٹائٹل پر قبضہ کیا ہے۔ان سے پہلے سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل جتنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر اور سربیا کے نواک جوکوچ کے پاس تھا جنہوں نے20,20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹل پر قبضہ کیا تھا۔
راجر فیڈرر نے 2003 اور2018 کے درمیان جو20 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتے ہیں اس میں 6 مرتبہ وہ آسڑیلین اوپن، ایک مرتبہ فرنچ اوپن، 8 مرتبہ ومبلڈن اور 5 مرتبہ امریکی اوپن جیتے ہیں۔ وہ31 مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں رسائی کے بعد اتنے ٹائٹل جیتے میں کامیاب رہے۔ نواک جوکوچ نے 2008 اور2021 کے درمیان 31 مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں رسائی حاصل کی جس میں سے وہ 20 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے9 مرتبہ آسڑیلین اوپن کا ٹائٹل جیتا ہے جبکہ 6 مرتبہ وہ ومبلڈن میں چمپئین بنے ہیں۔3 مرتبہ انہوں نے امریکی اوپن میں اور 2 مرتبہ فرنچ اوپن میں ٹائٹل حاصل کیا ہے۔رافیل نڈال نے 2001 میں پیشہ وارنہ ٹینس میںقدم رکھا تھا اور 3 سال بعد اپنا پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔ انہوں نے2004 میں پولینڈ میں سوپوکسی میں آئیڈیا پروکوم اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں وہ ارجن ٹائنا کے جوز اکا سوسکو کو6–3 اور6–4 سے ہرانے میں کامیاب رہے تھے۔پہلا ٹائٹل جیتنے سے ایک سال پہلے یعنی 2003 میں رافیل نڈال نے پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلم میں شرکت کی۔