سکھر (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے کہا ہے کہ تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے ، جرائم پیشہ عناصروں کا قلع قمع کرنے کے لیے پلان ترتیب دیا گیاہے، جرائم پیشہ عناصروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شہر کے اہم تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں ، چوراہوں، شاہراہوں پر پولیس گشت میں اضافہ کر کے جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ضلع کو امن کا گہوارہ بنا کر مثالی ضلع بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں ملنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حاجی عبدالستار راجپوت، رئیس قریشی، بابو فاروقی،محبوب صدیقی، مختیار شامی، محمد رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، محمد کاشف شمسی،محمد اقبال کھوکھر، محمد راشد و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجر رہنمائوں نے ایس ایس پی سنگھار ملک کو سکھر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور شہر میں امن و امان کے قیام، ٹریفک جام کے مسائل کے حل سمیت مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ملکی ترقی، خوشحالی میں سب سے اہم کردارہے شہر میں مستقل قیام امن اور ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے جلد شہر کی تجارتی مارکیٹوں کا دورہ کرکے تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں کر کے پلان تشکیل دیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصروں کے خاتمے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں کوئی بھی جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ہے،انشاء اللہ تاجروں اور شہریوں کی مشاورت اور تعاون سے ہی ضلع سکھر کو امن و امان کا گہوارہ بناکر ایک مثالی ضلع بنائیں گے۔