چیف جسٹس گلزار سبکدوش‘جسٹس عمر عطا بندیال آج حلف اٹھائینگے

462

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان کے 27ویں چیف جسٹس گلزاراحمد عہدے سے سبکدوش ہوگئے ، ان کی سبکدوشی کے بعد جسٹس عمر عطابندیال آج ملک کے 28ویں منصف اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس پاکستان سے عہدے کا حلف لیں گے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اپنے اعزاز میں دیے گئے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر پیشہ ورانہ کامیابیوں کا سہرا میرے والد محمد نور ایڈووکیٹ کو جاتا ہے ،بحیثیت چیف جسٹس نہ صرف کیسز کے فیصلے کیے بلکہ انتظامی امور کی ذمے داری بھی نبھائی ،جیسے ہی چیف جسٹس کی ذمے داری ملی کووڈ کا معاملہ شروع ہو گیا،کراچی لاہور پشاور اور کوئٹہ رجسٹری سے کیسز کی وڈیو لنک کے ذریعے سماعت شروع کرائی،میرے دور میں 38,680 کیسز التوا کا شکار تھے،مجھے خوشی ہے کہ میں نے بحیثیت چیف 4392 کیسز کا فیصلہ سنایا،مجموعی طور پر 27426 کیسز کے فیصلے ہوئے۔نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ بطور 27 ویں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو 2 چیلنجز کا سامنا رہا،پہلا بڑا چیلنج کورونا وبا تھا جس کی وجہ سے انصاف کی فراہمی میں مشکلات سامنے آئیں ، دوسرا بڑا چیلنج صدارتی ریفرنس تھا،اس صدارتی ریفرنس کے خلاف اپیلوں پر عدالت عظمیٰ کے 10 رکنی لارجربینچ نے 61 سماعتیں کیں۔قبل ازیں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔