اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر ترکی کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہاتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام ترک قیادت کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،وہ ترکی کے نائب وزیر خارجہ ایمبیسڈر سدات اونال سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے وزات خارجہ میں ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے ترک نائب وزیر خارجہ کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا،وزیر خارجہ نے ترک ہم منصب اور قیادت کیلئے تہنیتی پیغامات دئیے،وزیر خارجہ نے ترکی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ اعلی سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے آئندہ 7ویں اجلاس کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کے مابین، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال پر پاکستان اور ترکی کے نقطہ میں مماثلت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی ربط، قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو درپیش معاشی اور انسانی بحران کے تدارک کیلئے، مشترکہ ذمہ داری کے تحت، بین الاقوامی برادری کی مستقل معاونت ناگزیر ہے، وزیر خارجہ نے 19 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں ترک ہم منصب کی شرکت پر شکریہ ادا کیا،ترک نائب وزیر خارجہ سیدت اونال نے پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔