اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کے عہدے سے یوسف رضا گیلانی کا استعفا قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بلاول زرداری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جمہوریت کے لیے خدمات جمہوریت پسندوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے نمائندگان خود کا احتساب کرتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور عوام کی خدمت کے جرم میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔علاوہ ازیں انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے متعصبانہ کردار پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کو منظور کروایا۔