پی ایس ایل،حافظ نعیم الرحمن کی میڈیا باکس میں آمد

569

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن میں کھیلے جانے والے چھٹے میچ کے دوران جو کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان کھیلا گیا ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پریس باکس کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کی۔ صحافیوں نے “حق دو کراچی کو” اور سندھ اسمبلی بلڈنگ کے باہر دھرنے سے متعلق سوالات کیے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے سندھ حکومت کی جانب سے مطالبات منظور ہونے کے حوالے سے بھی کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کو آگاہ کیا۔ دریں اثنا صحافیوں نے نعیم الرحمن کو میڈیا باکس آنے پر شکریہ ادا کیا۔ اور ان سے پی ایس ایل کے جاری ایڈیشن کے بارے میں رائے جانی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ میں دعا گو ہوں کہ پی ایس ایل کامیابی سے اختتام کو پہنچے اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کوملے۔ انہوں نے کہا کہ تمام 6ٹیمیں میری ہیں اور میں سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ اس موقع پر جسارت کے سینئر رپورٹر، اسپورٹس صفحہ انچارج اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ـآف کراچی “سجاک” کے کنوینر سید وزیر علی قادری نے امیر جماعت اسلامی کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔