زوہیب رشید کی کامیابی پاکستان باکسنگ کا روشن مستقبل ہے ،امتیاز شیخ

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے کھلاڑیوں نے مواقع ملنے پر دنیا بھر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے ،کئی برس بعد ایشین باکسنگ میں میڈل ملنا پاکستان باکسنگ کے روشن مستقبل کی نوید ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے نوجوان اور ایشین چیمپئن شپ برانز میڈلسٹ باکسر زوہیب رشید کا وطن واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر استقبال کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پاکستان باکسنگ ایسوسی ایشن کے نائب صدر اورسندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ ،پاکستان نیوی باکسنگ ٹیم کے کوچ ضیغم میثل ،انٹر نیشنل باکسرز،کے پی ٹی کے باکسرز ،لیاری کے کوچز اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔زوہیب رشید نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ انڈر22ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں برانز میڈل جیتا تھا جو کئی برس بعد ایشیا کی سطح پر پاکستان کا پہلا میڈل بھی ہے ۔امتیاز شیخ نے کہا کہ زوہیب رشید کی عمدہ کارکردگی اور میڈل پاکستان باکسنگ کے لئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔