لاہور(جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب جاوید چوہان کی زیرصدارت پیر کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کے لاہور میں ہونیوالے میچز کے انتظامات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں سکیورٹی انچارج کرنل (ر) شبیر حسین، اسپورٹس کنسلٹنٹ اسپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین ودیگر نے شرکت کی ۔ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب نے افسران کو سی سی ٹی وی کنٹرول روم کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے درست اور صفائی کے انتظامات بہترین کئے جائیں ۔ کمپلیکس کی تمام لائٹس مکمل طور پر روشن رکھی جائیں۔ میچز کے دوران نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 20بستروں کا عارضی اسپتال قائم کیا جائے گا۔