لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) شہر کے تھانہ دڑی کی حدود سے مسلح افراد ہندو لڑکی سے پرس اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے، سچل تھانہ کی حدود سچل کالونی میں مسلح افراد اسلحے کے زور پر ہوٹل کے مزدوروں ایاز شاہ اور اختیار کھوسو کو یرغمال بناکر موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، دھامراہ تھانہ کی حدود سے مسلحہ افراد ملزمان نے گاؤں وکیا سانگی کے رہائشی صداقت سانگی اور رفیق سانگی کو یرغمال بناکر 47 ہزار روپے نقدی، موٹرسائیکلیں اور موبائیل فونز چھین کر فرار ہوگئے، شہر کے مارکیٹ تھانہ کی حدود سے مسلح افراد نے شہری سلیم سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، شہر کے الہ آباد تھانہ کی حدود میں مسلح افراد نے شہری ارشد بگھیو سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، وارث ڈنو ماچھی تھانہ کی حدود گاؤں سونو بروہی میں گلاب بروہی کی گھر سے مسلح افراد موٹرسائیکل اور 2 موبائل فونز چوری کرکے فرار ہوگئے ہیں، تمام وارداتوں کے متاثرین کی جانب سے حد کے تھانوں پر جاکر پولیس کو شکایت کی گئی تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی جس کے باعث متاثرین نے آئی جی سندھ و دیگر بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزمان اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی نقدی، موٹرسائیکل و دیگر سامان واپس کرکے تحفظ فراہم کی جائے۔ ادھر شہر کے تھانہ سول لائن کی حدود رسول آباد میں خواجہ سراؤں کے 2گروپوں میں خیرات مانگنے کے معاملے پر شروع ہونے والے تنازعے کا فیصلہ خواجہ سراؤں کے گرو رشنا فقیر کی سربراہی میں ہوا، جس میں نور جہان خواجہ سراء پر تنو جان فقیر سے موبائل چھیننے اور ناانصافی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر موبائل واپس کرکے دونوں فریقین کو شیر و شکر کرکے آپس کے اختلافات کو ختم کرکے ایک دوسرے کو گلے ملے جبکہ مستقبل میں کسی قسم کی زیادتی پر اس فریق پر 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں شہر کے رند کالونی میں پڑوسی کے پالتو کتے نے 60 سالہ آمنہ خاتون کو کاٹ کر زخمی کردیا جسے ورثا کی جانب سے چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا ۔ زخمی خاتون کے بیٹے ریاض کنبھر نے بتایا کہ پڑوسی کے خلاف تھانے میں گئے لیکن بااثر ہونے کے باعث پولیس نے کارروائی نہیں کی۔