اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا میں نے بطور اپوزیشن لیڈراپنا استعفا پارٹی کو جمع کروا دیا ہے۔سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں، کہا گیا کہ میں نے اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا، ان بیانات کے بعد میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، اس لیے اس معاملے پر استعفا دے دیا ہے اور اپنا استعفا پارٹی لیڈر شپ کو دیا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کا ایجنڈا تاخیر سے موصول ہوا، اجلاس کے لیے میرے آفس میں میسیج آیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک کا بل موجود ہے، آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا، چیئرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے نا کہ حکومت کی، چیئرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازع نہیں ہونا چاہیے، ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، آپ نے یہ کرکے حکومت کے لیے سہولت کاری کی، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔علاوہ ازیں سینیٹ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کی تنقید پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کو جواب میں کہا کہ میں غیرجانبدار ہوں، مجھے زیادہ سبق نہ پڑھائیں، چیئر کو آپ لوگ خود خراب کررہے ہیں، اس کو پارٹی بنارہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھاکہ اپنے نمبر پورے نہیں کرتے اور الزام چیئر کو دیتے ہیں، زیادہ نیوٹرل ہونا بھی ٹھیک نہیں۔