پرویز مشرف کیخلاف عدم انکوائری پر چیئرمین نیب سے جواب طلب

440

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کرپشن کی انکوائری نہ کرنے پرچیئرمین نیب جاوید اقبال کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 فروری تک جواب طلب کرلیا۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نوٹس جاری کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ اس عدالت نے آرڈر پاس کیا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ پرویز مشرف کا ایک اکائونٹ 20 لاکھ ڈالرز کا تھا، عدالت نے حکم دیا تھا پرویز مشرف پبلک آفس ہولڈر رہے، نیب کارروائی کرسکتا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اس عدالت کا فیصلہ چیلنج ہوا ہے؟۔ درخواست گزارکے وکیل نے بتایا کہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا اور وہ حتمی صورت اختیار کرگیا، الیکشن کمیشن ریکارڈ کے مطابق ان کے ایک اکائونٹ میں 20 لاکھ ڈالرہیں۔