بلوچستان کے ضلع سبی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

384

 

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع سبی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ سبی کے علاقے سات مرلہ ے میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے ماجد ولد مزار خان اور طوریا خان ولد بنگل خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع دکی اور جعفرآباد میں دستی بم اور بارودی سرنگ دھماکوں میں قبائلی رہنما ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی لیویز فورس کے مطابق ضلع دکی کے علاقے تکڑی میں کچے راستے پر نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر قبائلی رہنما خواجہ محمد لونی کی پک اپ گاڑی چڑھ گئی۔ دھماکے میں خواجہ محمد لونی شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں سول اسپتال میں دم توڑ گئے۔دوسرا دھماکا جعفرآباد کے ہیڈ کوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں ہوا۔ ایس ڈی پی او خاوند بخش کے مطابق ڈیر اللہ یار کے صحبت پور چوک پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے دستی بم حملے کا نشانہ بنایا۔ دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکار اور پندرہ راہ گیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈیرہ اللہ یار سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔