کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سپرلیگ کے چھٹے میچ میں فخر زمان کی سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی جس کے بعد کراچی کنگز کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا چھٹا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں لاہور قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے اور لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا، قلندرز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ 48 کے مجموعی اسکور پر دو اہم کھلاڑی پویلین روانہ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں محمد حفیظ نے فخر زمان کا ساتھ دے کر اسکور 90 تک پہنچایا تو پروفیسر بھی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ نئے آنے والے کھلاڑی سمت پٹیل نے فخر زمان کا بھرپور ساتھ دیا اور انہیں اسرائیکر اینڈ پر موقع فراہم کیا جس کا اوپنر نے کھل کر فائدہ اٹھایا اور جارحانہ بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کنگز کے بولرز کو دباؤ میں رکھا اور صرف 55 گیندوں پر 4 چھکوں، 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے، فخر زمان لاہور قلندرز کے آؤٹ ہونے والے چوتھے اور آخری کھلاڑی تھے، جس کے بعد سمت پٹیل اور ڈیوڈ وسی نے چار گیندوں پہلے ہی میچ کا اختتام کیا۔