لاہور( نمائندہ جسارت)ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ریاست مدینہ نہیں بلکہ ریاست عمرانیہ ہے ،اب عمران خان کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے ،قوم وزیراعظم سے23 مارچ کو استعفا لے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی رہنماﺅں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ،حکومتی اتحادی جماعتیں حکومت کو آکسیجن فراہم کرنے کی ذمے دار ہیں جو وقت آنے پر عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنیں گی،اپوزیشن کی تعداد سینیٹ میں زیادہ تھی لیکن حکومت نے چور دروازے سے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کو پاس کرایا، آئی ایم ایف کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ قانون عوامی امنگوں کے خلاف ہے ،عمران خان نے صادق اور امین کا جو میک اپ کیا ہوا تھا، ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل نے اسے اتار کر ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے پیش کر دیا ہے، ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پاکستان کے خلاف بد ترین چارج شیٹ ہے اورعمران خان اس کے مجرم ہیں ۔