لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) رتوڈیرو کے قریب دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 روز قبل شادی کرنے والے نوجوان کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق رتوڈیرو کے قریب تھانہ وارث ڈنو ماچھی کی حدود بوسن کے قریب کٹوہر برادری کی 2 برادریوں میں دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے گاؤں دوداپور کے رہائشی 20 سالہ نوجوان آصف علی کٹوہر کو شدید زخمی کردیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر زخمی نوجوان کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان دم توڑگیا، اس موقع پر مقتول نوجوان کے ورثا نے بتایا کہ اپنی ہی برادری کے بااثروں کے ساتھ پرانی دشمنی ہے، آصف کی 2 روز قبل شادی ہوئی تھی نوجوان رتوڈیرو شہر سے واپس گاؤں آرہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد اُسے فائرنگ کرنے کے بعد قتل کر کے فرار ہوگئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔