سانگھڑ :آٹا چکی ایسوسی ایشن کا گندم کوٹا کم ملنے پر دوسرے روز بھی احتجاج

112

سانگھڑ(نمائندہ جسارت) آٹا چکی ایسوسی ایشن کی جانب سے گندم کوٹا کم ملنے پر ڈی ایف سی کے خلاف دوسرے روز بھی مظاہرہ و ریلی ، کوٹے کے مطابق گندم دینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ میں آٹا چکی ایسوسی ایشن کی جانب سے گندم کوٹا کم ملنے پر ڈی ایف سی کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ اور ڈی ایف سی آفس سے لے کر سانگھڑ پریس کلب تک ریلی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا سانگھڑ آٹا چکی ایسوسی ایشن کے یونین کے تمام ضلع بھر کے چکی مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی،محکمہ فوڈ کے ڈی ایف سی علی حسن مگسی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر سانگھڑ آٹا ایسوسی ایشن کے صدر دھنی بخش مری ودیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ میں نئے تعینات ہونے والے ڈی ایف سی علی حسن مگسی نے فوڈ سیکرٹری کی جانب سے منظور شدہ گندم کوٹا مزید کم کرکے آٹا چکی والوں کو دیا جا رہاہے جس کی وجہ سے آٹے کا بحران شدت اختیار کر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایف سی سانگھڑ ایک راشی افسر ہے جس نے ضلع کے تمام فوڈ انسپکٹر کو اپنے بنگلے پر بلا کر میٹنگ رکھی جس میں باقاعدہ طے کیا گیا کہ آٹا چکی والوں کو گندم سرکاری کوٹے سے بھی کم کردیا جائے اگر آٹا چکی والے یہ کوٹا نہیں لیتے تو جو سرکاری کوٹا دیا جارہا ہے ،8بوری اور 55 کلو وزن بنتا ہے اس کوٹے کو بھی کینسل کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایف سی علی حسن مگسی کہتا ہے کہ محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ میرا اپنا ڈپارٹمنٹ ہے میں جو مرضی کروں میں کسی کا ملازم نہیں ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈی ایف سی میر حسن مگسی اپنے ساتھ اسلحے سے لیس 4 گارڈ اپنے ساتھ رکھتا ہے گارڈ ہمیں دھمکی دیتے ہیں کہ ہم ڈی ایف سی سے ملنے نہیں دیں گے ورنہ آفس میں بتادیں گے۔ دوسری جانب آٹا چکی ایسوسی ایشن مالکان نے ڈی سی سانگھڑ سے ملاقات کرنے کی بھی کوشش کی لیکن ڈی سی سانگھڑ اپنے آفس میں موجود نہیں تھے اور سانگھڑ ڈی ایف سی میر حسن مگسی نے منظور شدہ کوٹا دینے سے انکار کر دیا۔