لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں یوریا کھاد کی قلت عمران مافیا کی کرپشن کے سبب ہے ، کھاد کے بحران کے ذمے دار عمران صاحب ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ رقم خرچ کرنے کے باوجود کسان کھاد کے لیے دربدر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں 2400 روپے میں ملنے والی یوریا کی بوری آج 10 ہزار میں بھی نہیں مل رہی ۔ عمران صاحب کھاد کی قلت دراصل آپ کی کرپشن کا اعمال نامہ ہے، یوریا 1200 سے 2800 ہوگئی لیکن عمران صاحب کے لیکچر جاری ہیں ۔ آٹا چینی، ایل این جی میں بھی یہی واردات پہلے ہو چکی ہے ۔ پہلے گندم چینی کا بحران پیدا کیاگیا، ذخیرہ اندوزی ہوئی، پھر اسمگلنگ ہوئی اور پھر مہنگے داموں پر بھی قوم آٹے اور چینی سے محروم رہی ۔کبھی آٹا، کبھی گندم، کبھی دوائی، کبھی ایل این جی اور اب کھاد، عمران مافیا ایک ہی انداز میں ہر بار ڈاکا ڈالتا ہے ۔ عمران مافیا کی کرپشن کا بازار گرم ہے ،سب دھکے کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران مافیا کی کرپشن کا بازار گرم ہے ،کسان دھکے کھا رہے ہیں۔ کسانوں کو بھکاری بنا دیا ہے۔