پیپلز پارٹی کے پاس جلد صوبائی حکومت بچے گی نہ مقامی، اسد عمر

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں وہ حکومت مسلط ہے جو کچھ بھی نہیں کرتی۔ کراچی میں زیادہ تر منصوبے تو وفاق کے ہیں۔پیپلز پارٹی کے پاس جلد نہ مقامی اور نہ ہی صوبائی حکومت بچے گی۔ مردم شماری کراچی کا دیرینہ مسئلہ ہے جس پر سیاست کی گئی لیکن مردم شماری کا مسئلہ آج تک کسی نے حل نہیں کیا۔2022میں مردم شماری کی حتمی تاریخ کا اعلان کریںگے۔کراچی کو بااختیار بلدیاتی نظام چاہیے۔شہر کو بے اختیار کرنے اور سمجھنے والوں سے نمٹنا ہے۔ کراچی کو خیبرپختونخوا کی طرح بااختیار بنائیں گے۔یہاں کے لوگ اپنے حقوق کیلیے نکلیں گے۔وہ ہفتہ کو کراچی میں آتشزدگی کی نذر ہونے والی کوآپریٹو مارکیٹ کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ،سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ ،رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ،سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان اور رکن سندھ اسمبلی بلا ل غفار نے بھی خطاب کیا۔اسد عمر نے کہا کہ میں جنرل مشرف کے دور کا مخالف تھالیکن یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ مشرف کے دور میں کراچی میں ترقیاتی کام ہوئے۔ کراچی کیلیے وفاق نے گرین لائن منصوبہ دیا اور اب کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا جلد افتتاح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ سندھ حکومت نے شروع کیا مگر وہ نہ بناسکی،ہم اس پر اب سو فیصد رقم خرچ کریںگے، چھبیس سو کروڑ گیلن کا وفاق کا یہ منصوبہ 2023 سے پہلے پہلے مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ منصوبہ کی لاگت ایک سو بیس ارب ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم وفاق پر یقین رکھتے ہیں ،لسانیت پر نہیں، ہم ہر پاکستانی کو ایک نظر سے دیکھنا چاہتے ہیں، ہم کسی زبان اور خطے کے لوگوں میں تفریق نہیں کرتے۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں جدید طرز پر ڈیجیٹل مردم شماری کرائی جارہی ہے۔ مئی میں پہلے پائلٹ پروجیکٹ کرایا جائیگا، پھر مردم شماری پھر آڈٹ کرایا جائیگا۔2022 میں مردم شماری کا حتمی اعلان کیا جائیگا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کوآپریٹو مارکیٹ کے تاجروں کو مارکیٹ کی بحالی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ خرم شیر زمان اور آفتاب صدیقی نے دن رات محنت کرکے کوپریٹو مارکیٹ کی بحالی کیلیے جدوجہد کی۔پی ٹی آئی نے تاجروں کو اس مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا، تاجروں کو دکانیں چلانے کیلیے فنڈز کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ دکانوں کو چلانے کیلیے قرضہ لیے جاسکتے ہیں۔ قرضے کیلیے نوجوان درخواست جمع کرائیں۔اس موقع پرکوآپریٹو مارکیٹ کے دکانداروں نے وفاقی وزیر اسد عمر،گورنر سندھ عمران اسماعیل،آفتاب صدیقی ،خرم شیر زمان و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔