جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت کارروائی کریں گے،سرفراز نواز شیخ

102

 

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ نے کہا ہے کہ میری تعیناتی سے قبل لاڑکانہ ضلع میں امن امان کی صورتحال خراب تھی لیکن تعیناتی کے بعد بہترین پولیس افسران کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو جرائم پیشہ اور بدمعاش لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں ایس پی ہیڈکوارٹر، اے ایس پی سٹی اور ڈی ایس پیز کے متعدد عہدوں پر پولیس افسران تعینات نہیں جس کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ان افسران کی تعیناتی کے لیے آئی جی سندھ کو لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پولیس ہیڈکوارٹر میں پیش آنے والے واقعے کی مختلف زاویے سے تحقیقات کی جارہی ہے تمام جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا اور پولیس ہیڈکوارٹر کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بطور ایس ایس پی سندھ کے 10 اضلاع میں خدمات سرانجام دیں ہیں اور کسی بھی ضلع میں مجھ پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں تھا اور اس وقت لاڑکانہ میں بھی کوئی سیاسی دباؤ نہیں، انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے صحافی کسی بھی معاملے پر بروقت مجھے سے رابطہ کرسکتے ہیں، کچھ ایسے واقعات بھی رونما ہوتے ہیں جس میں پولیس کے مؤقف کو بھی شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعیناتی کے بعد پولیس افسران سے میٹنگ کی جس کے بعد جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤں کے لیے حکمت عملی طے کی گئی ہے ضلع میں کسی بھی جرائم پیشہ افراد کو نہیں بخشا جائے گا۔