اسلام آباد (اے پی پی):برطانیہ میں قائم پاکستانی نثراد بزنس کمیونٹی کی تنظیم انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن (آئی بی پی سی) کے ایک وفد نے بانی چیئرمین چوہدری رضوان سلہریا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کے ساتھ برطانیہ میں پاکستان کی ایک سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا تا کہ برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دیا جائے۔ آئی بی پی سی کے سینئر وائس چیئرمین امیر مشتاق خان ، سیکرٹری جنرل عاصم یوسف ، منظور حسین، یاور فہیم، محمد اقبال، شیخ سہیل، نسیم میر اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، ہمایوں کبیر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔چوہدری رضوان سلہریا نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان کی ایکسپو میں سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور دیگر شہروں سے مختلف شعبوں کی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کرنا چاہتی ہے اور کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبران بھی مذکورہ نمائش میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم برطانیہ، امریکا ، خلیجی اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ٹریننگ ، نیٹ ورکنگ اور قانونی امور میں ا ن کی مدد کر کے ان کو بہتر ترقی دینے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو مختلف سیمینارز، نمائشوں، تقریبات اور ملٹی نیشنل کاروباری اداروں کے ساتھ میٹنگز میں شرکت کرانے کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہے تا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر کے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے آئی بی پی سی کے وفد کا مقامی تاجر برادری کے ساتھ ملاقات کرنے کے لئے آئی سی سی آئی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔