کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سراج الحق

749
کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کو پھر سے روشنیوںکا شہر بنائیں گے، اس وقت کراچی کی صورتحال قابل رحم ہے ،کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا،مجھے امید ہے سندھ حکومت اپنے معاہدے کی پاسداری کرے گی۔
یہ باتیں امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے نیو ایم اے جناح روڈ پر دھرنے کی کامیابی اور سندھ حکومت سے معاہدے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحت یوم تشکر و یوم عزم کے سلسلے میں ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھاکہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کی قیادت میں جدوجہد کی،پیپلز پارٹی کیے گئے معاہدے کو نبھائے یہ معاہدہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے ساتھ ہے،مجھے امید ہے سندھ حکومت اپنے معاہدے کی پاسداری کرے گی، کراچی کے شہریوں کی بے مثال جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،کراچی کی صورتحال قابل رحم ہے، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا، افسوس ہے کہ ماضی میں کراچی کو تباہ و برباد کیاگیا ،کراچی کے تعلیمی ادارے، کارخانے اور فیکٹریوں تباہ کردی گئیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان ورکرز کنونشن میں شرکاء سے خطاب میں کہا کہ شہر قائد کے بلدیاتی الیکشن میں عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں،انشاء اللہ جماعت اسلامی کی قیادت کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی،عوامی و سرکاری پراپرٹیز سے قبضہ کو چھڑواسکتے ہیں،جماعت اسلامی کے دو ایجنڈے ہیں ایک اسلام اور دوسرا پاکستان،حکمران جماعتوں نے کرپشن اور جہالت میں اضافہ کیا،کراچی کے عوام سمجھ گئے ہیں جماعت اسلامی ان کی حقیقی محسن ہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سینٹ میں اسٹیٹ بنک کو آئی ایم کے حوالے کردیا، حکومت اور اپوزیشن دونوں نے مل کر یہ کارنامہ انجام دیا، پاکستان کا دوبارہ غلام بنانے کا پروگرام بنایا جارہا ہے، جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے کہ وائسرائے کو پاکستان سے بھگاکر دم لیں گے۔