بلوچستان میں شہید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، وزیراعظم

563

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے بہادر سپاہی دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 10 شہید جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کیا، پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیر داخلہ کی مذمت

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کیچ میں دہشت گردی ک واقعے کی مذمت کی ہے۔ شیخ رشید نے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ شب آئی ایس پی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں 10 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے، ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج کے 10 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

علاوہ ازیں چمن مشرقی بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار محمد نعیم شہید ہوگیا۔ محمد نعیم ولد حاجی نصیب قوم عشیزئی بتایا گیا جو چمن کا مستقل باشندہ تھا۔ ڈپٹی کمشنر جمعہ داد مندوخیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔