سکھر: جنگلات کی اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن

106

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھرسمیت اندرون سندھ کے کچے میں جنگلات کی اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن، سیکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کرالی، قابضین کی جانب سے کاشت کی گئی فصلیں تلف، اب تک 29 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کراچکے ہیں، چیف کنزرویٹر سندھ، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر محکمہ جنگلات کی جانب سے کچے کی اراضی واگزار کرانے کے لیے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں آپریشن جاری ہے محکمہ جنگلات کی مختلف ٹیموں نے بیک وقت سکھر ،گھوٹکی اور کشمور اضلاع کے کچے میں آپریشن کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کی سیکڑوں ایکڑ اراضی قابضین سے واگزار کرالی ہے اور اس اراضی پر کاشت کی گئی فصلیں ٹریکٹر چلوا کر تلف کر دی ہیں۔ چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات سندھ ریاض احمد نے بتایاکہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں محکمہ جنگلات کی مقبوضہ اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ سکھر، گھوٹکی اور کشمور اضلاع کے کچے میں محکمہ جنگلات کی 33 ہزار 968 ایکڑ اراضی پر قبضے تھے جس میں سے مختلف کارروائیوں کے دوران اب تک 29 ہزار 573 ایکڑ اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے اور باقی 4 ہزار ایکڑ اراضی جس پر مختلف برادری کے لوگوں کے قبضے ہیں جلد وہ بھی پولیس اور رینجرز کی مدد سے واگزار کرالی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ تینوں اضلاع کی 30 ہزار ایکڑ اراضی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہونے کا تاثر غلط ہے ،قبضے مکمل ختم کرانے تک آپریشن جاری رہے گا۔