لاڑکانہ (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کو ہوا ہے۔بلاول زرداری سے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے نومنتخب عہدیداران اور پیپلزلائرفورم کے نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپوراور دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول نے پی ایل ایف کی حمایت سے جیتنے والے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے عہدیداران کو مبارک باد دی اور ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وکلا برادری نے ہر دور میں پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد کی ہے، آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کا ہوا ہے، بھٹو قتل کیس کا ریفرنس آج تک التوا کا شکار ہے، اگر ملک میں آئین کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔