اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 تا 5 فروری چین کا دورہ کریں گے، دورے کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے۔ وزیراعظم کے دورہ چین کا بنیادی مقصد اولمپکس میں شریک ہونا ہے، کیونکہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے اپنے اہم بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اور معاشی استحکام کیلیے ہم نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی، جس کی کئی نشستیں ہوئیں جن کی سربراہی وزیراعظم عمران خان نے خود کی، ان نشستوں میں تفصیلی مشاورت ہوئی، اب ہم نے اپنی حکمت عملی وضع کی ہے، جس کی بنیاد پر ہم چین کی قیادت سے رابطہ کریں گے۔