اسلام آباد پولیس: قبضہ مافیا، منشیات فروشوں کیخلاف بڑی مہم چلائی جارہی ہے 

379

اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس  نے کہا کہ اسلا م آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گردگھیرا تنگ کر دیا ہے قبضہ مافیا، منشیات کے خلا ف بڑی مہم چلائی جارہی ہے، ابھی تک قبضہ مافیا کے بڑے بڑے نام گرفتار کر کے جیل بھجوائے جا چکے ہیں، اسلام آباد پولیس کسی بھی شخص کی جائیداد پر قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری، جمعرات کے روز بھی شہریوں کے مسائل سنے اوران کے بروقت ازالے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے جمعرات کے روز بھی کھلی کچہری کے دوران شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو بروقت ازالے کے لئے بذریعہ ٹیلی فون احکامات جاری کئے انہوں نے افسران کو مارک شدہ درخواستوں پر دیئے گئے ٹائم فریم میں قانونی کاروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلا م آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گردگھیرا تنگ کر دیا ہے، قبضہ مافیا، منشیات کے خلا ف بڑی مہم چلائی جارہی ہے، ابھی تک قبضہ مافیا کے بڑے بڑے نام گرفتار کر کے جیل بھجوائے جا چکے ہیں، اسلام آباد پولیس کسی بھی شخص کی جائیداد پر قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔

انھوں نے تمام ایس ایچ اوز کو 3 بجے سہ پہر سے شام5 بجے تک تھانے میں موجود رہنے اور عوامی شکایات سننے کی بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے ان کی عزت نفس کا پورا خیال رکھیں، ان کے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کھلی کچہری میں آنیوالے شہری قابلِ عزت ہیں،افسران شہریوں کو سنتے ہوئے انتہائی مثبت رویہ اپنائیں، شہریوں اور پولیس کے درمیان دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے لئے انہیں عزت دی جائے، شہریوں نے آئی جی اسلام آباد کے کھلی کچہری کے روزانہ کی بنیاد پر انعقاد پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کرنے کا مقصدکمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا ہے۔