پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کو سازشی جبکہ پی ٹی آئی کو کچرا قراردے دیا ۔
بلاول بھٹو نےکہا کہ کچھ لوگ ایم کیو ایم ٹائپ سازشی بننا چاہتے ہیں، ان کو اپنا کام کرنے دیں، سازش کرنے دیں لیکن ہم اپنا کام کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے پی ٹی آئی حکومت کو کچرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد کے کچرے کا بھی صفایا کردیں گے۔
واضح رہے کہ سندھ کے بلدیاتی نظام کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کے ساتھ احتجاج کیا گیا، پولیس نے ریڈ زون کی خلاف ورزی پر احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔
مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکن زخمی ہوگئے جب کہ ایم کیو ایم نے ایک عہدیدار کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے تاہم کہا یہ جارہا ہے کہ ہلاکت کا واقعہ تشدد سے جوڑا جانا غلط ہے کیونکہ متوفی کی ہلاکت ہارٹ اٹیک سے ہوئی نہ کہ تشدد سے .