کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ایونٹ کا دوسرا میچ اگلے روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گاجبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ جہاں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن کی روشنی میں جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کوبرقی قمقموں کی روشنی میں مدمقابل آئیں گی۔ایڈیشن 2018 سے لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں چھوڑا۔ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کْل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی نے پی ایس ایل 7 میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو کی ہیں: جس کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے 19اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔اس کے علاوہ کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔