کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینک دولت پاکستان نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے 24 اور 25 جنوری 2022 ء کو دو روزہ ایس ایم ای میلے کا انعقاد کیا۔ تقریب میں چیمبرز آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے ارکان، تاجر انجمنوں کے عہدیداروں اور خواتین کاروباریوں نے شرکت کی جن کا تعلق ملتان، خانیوال، وہاڑی، ڈی جی خان کے ایس ایم ایز کلسٹرز سے تھا جبکہ ایس بی پی بی ایس سی اور بینکوں کے حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے میلے کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے ‘کامیاب جوان پروگرام’ کی پیشرفت پر روشنی ڈالی جو خاص طور پر نوجوان کاروباری افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے نچلی سطح پر قرض تک رسائی بڑھانے میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی ذاتی دلچسپی کی تعریف کی جس کی بناپر چھوٹے کاروباری اداروں، خواتین کاروباریوں، اور اپنا گھر بنانے کا خواب دیکھنے والے افراد کو قرضے کی نئی اسکیموں سے فائدہ ہوا جیسے کہ ایس ایم ای آسان فنانس (صاف)، میرا پاکستان میرا گھر اور کاروباری خواتین کے لیے اسٹیٹ بینک کی ری فنانس اسکیم۔محمد اشرف خان، منیجنگ ڈائریکٹر ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) نے تقریب کا افتتاح کیا۔