لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ، 20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ایونٹ کا دوسرا میچ اگلے روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گاجبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ جہاں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن کی روشنی میں جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کوبرقی قمقموں کی روشنی میں مدمقابل آئیں گی۔ایڈیشن 2018 سے لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں چھوڑا۔ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کْل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فاتحین کی گزشتہ چھ سالہ تاریخ پر رقم ڈالی جائے تو لیگ کا افتتاحی ایڈیشن 2016 میں کھیلا گیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا۔دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی ٹھہری۔ تیسرے ایڈیشن میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح سمیٹی۔ ایڈیشن 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، 2020 کی کراچی کنگز رہی جبکہ ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو کی ہیں: جس کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔اس کے علاوہ کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔پاکستان میں بسنے والے کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔ اسی طرح مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں موجود فینز اتصالات، کیریبین سرزمین میں فلو اسپورٹس ، نیوزی لینڈ میں اسکائی این زیڈ ، برطانیہ میں اسکائی اسپورٹس ،آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس، پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا ء میں سونی ، سب صحارا افریقہ میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی نشریات براہ راست دیکھ سکیں گے۔پاکستان میں لائیواسٹریم کے حقوق دراز ایپ نے خرید رکھے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نیاو ٹی ٹی صارفین کے لیے آئی سی سی ٹی وی اور ٹیمپاڈ ٹی وی سے بھی معاہدہ کرلیا ہے۔ ان دونوں پلیٹ فارمز کی جن علاقوں میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی لائیو اسٹریمنگ کی اجازت ہوگی ان میں انڈورا، انٹارکٹیکا، ارجنٹائن، آرمینیا، آسٹریلیا، آسٹریا، آذربائیجان، بیلاروس، بیلجیم، بولیویا، بوسنیا اور ہرزیگووینا، بوویٹ جزیرہ، برازیل، برٹش انڈین اوشان، برونائی، بلغاریہ، کمبوڈیا، چلی، چین، جزیرہ کرسمس ، جزیرہ کوکوس، کولمبیا، کروشیا، قبرص، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، مشرقی ٹائیمور، ایکواڈور، ایسٹونیا، فالک لینڈ، فاراوئے جزائر ، فن لینڈ، فرانس، فرانسیسی گیانا، جارجیا، جرمنی، جبرالٹر، یونان، گیانا، ہرڈ آئی لینڈ، ہانگ کانگ، ہنگری، آئس لینڈ، انڈونیشیا، اسرائیل، اٹلی، جاپان، قازقستان، کوسوو، کرغیزستان، لاؤس، لٹویا، لیچٹنسٹائن، لیتھوانیا، لکسمبرگ، مکاؤ، مقدونیہ، ملائیشیا، مالٹا، مائیکرونیشیا، مالڈووا، موناکو، منگولیا، مائیکرو نین، نیدرلینڈ، مونٹاکو نیو کیلیڈونیا، شمالی کوریا، ناروے، پیراگوئے، پیرو، فلپائن، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، روس، سان مارینو، سربیا، سنگاپور، سلوواکیہ، سلووینیا، جنوبی کوریا، اسپین، سورینام، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تاجکستان، تھائی لینڈ، ترکی، ترکمانستان، یوکرین، یوراگوئے، یو زبیکستان، ویٹیکن سٹی، ویت نام اور وینزویلا شامل ہیں ۔ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انہیں پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، یہ ایک اہم ذمہ داری ہے اور وہ اسے بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔بابراعظم نے کہا کہ ملتان سلطانزایونٹ کی دفاعی چیمپئن اور ایک سخت حریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں فینز کی دلچسپی دیدنی ہوتی ہے، امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیٹر موریس ایک منجھے ہو ئے کوچ ہیں، پلاننگ کے حوالے سے ان کے ساتھ اچھی بات چیت ہو ئی ہے، اس سیزن میں کراچی کنگز بہتر کھیل پیش کرے گی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اعزاز کاکامیابی سے دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور سلطانز کا اسکواڈ اسی سوچ کے ساتھ لیگ کے افتتاحی میچ سے میدان میں اترے گا۔محمد رضوان نے کہا کہ بلاشبہ ملتان سلطانز نے ایڈیشن 2021 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا مگر وہ اب ماضی ہوچکا ہے اور یہ ایک نیا سال ہے، یہاں نیا میدان ہے اور نئے کھلاڑی، انہوں نے کہاکہ ایونٹ کے کامیاب دفاع کے لیے ایک نئی اور مختلف سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ محمد رضوان نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹر اور کپتان ہیں۔ ان کی قیادت میں کراچی کنگزکی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ امیدہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین بہترین کرکٹ میچ سے لیگ کا آغاز ہوگا۔