لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے معمولی فیس بھر کر اپنے بنی گالا کے گھر کو ریگولرائز کرالیا ‘ یہی پالیسی پاکستان بھر کی کچی آبادیوں کے لیے ہونی چاہیے‘ گجر نالہ اور اورنگی ٹائون کو ریگولرائز کرانے میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر بحریہ ٹائون کو ریگولرائز کرنے میں اتنی مشکلات نہیں ہوتیں‘ پی ٹی آئی حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں گے‘ نسلہ ٹاور گراکر ظلم کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار بلاول زرداری نے لاڑکانہ میں کچی آبادی کے رہائشیوں کو مالکانہ حقو ق دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شپی پی پی نے کبھی اعتراض نہیں کیا جب کسی جج، بیوروکریٹ اور کسی اورکو پلاٹ دیا جاتا ہے‘ ہم امید کرتے ہیں کہ جب غریب عوام کو ان کا حق دیا جا رہا ہے تو کوئی اعتراض نہیں کرے گا‘ کیا لوگ وہ پاکستان چاہتے ہیں کہ جو صرف اور صرف امیر آدمی کا ہو اور عام آدمی پر ظلم ہوتے رہے ہیں یا وہ پاکستان چاہتے ہیں جس کا ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے وعدہ کیا تھا۔ اگر عوام چاہتے ہیں کہ ان کو وہ پاکستان ملے جس میں ہر آدمی کو اس کے حقوق ملیں تو پھر لوگوں سے میری اپیل ہے وہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں‘ لاڑکانہ میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے بعد کراچی سمیت پورے صوبے کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیںگے۔